ترکی کے ساحل کے نزدیک پناہ گزینوں کی ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم 17 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق آٹھ میٹر طویل کشتی شامی مہاجرین کو لے کر یونان کے جزیرے لیروس جارہی تھی جب اسے کھلے سمندر میں حادثہ پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق کشتی پر سوار کم از کم 20 مسافروں کو زندہ بچالیا گیا ہے۔ ترک کوسٹ گارڈز نے ہلاک ہونے والے بیشتر افراد کی لاشیں اور زندہ بچ جانے والے مسافروں کو
ساحلی شہر بودرم منتقل کردیا ہے۔
ترکی کو خبر رساں ایجنسی 'دوگان' نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے مسافر کشتی کے ایک کیبن میں موجود تھے جو حادثے کے بعد بروقت باہر نکلنے میں ناکام رہے۔
ترکی کے ساحلی صوبے کے گورنر نے کہا ہے کہ حادثے میں کوئی شخص لاپتا نہیں ہے اور ڈوبنے والے تمام افراد کی لاشوں اور زندہ بچ جانے والے افراد کو ساحل پہنچا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک حکومت نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔